انکولہ ،30؍ مارچ (ایس او نیوز) انکولہ تعلقہ کے ہٹّی کیری ٹول گیٹ پر مقامی افراد سے ٹول وصولی کے مسئلہ پر نشے میں دھت پانچ نوجوان ٹول گیٹ عملہ سے الجھ پڑے۔ بات تکرار سے ہوتی ہوئی ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔
بتایا جاتا ہے کہ اس موقع پر کاروار کی طرف سفر کر رہے ایک پولیس آفیسر کا گزر وہاں سے ہوا۔ اور پولیس آفیسر نے مداخلت کرتے ہوئے ٹول گیٹ پر جھگڑا بڑھانے سے نوجوانوں کو باز رکھنے کی کوشش کی۔ تب نشہ میں مدہوش نوجوانوں نے ٹول گیٹ عملہ کو چھوڑ کر پولیس آفیسر کو ہی اپنے نشانے پر لیا اور اس پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ڈسٹرکٹ ریزرو پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور بدمست نوجوانوں کو گھیرتے ہوئے لاٹھیوں کا وہ مزہ چکایا کہ مقامی لوگوں کے بقول اب وہ کبھی سپنے میں بھی کسی پولیس والے پر ہاتھ اٹھانے کے بارے میں سوچ نہیں پائیں گے۔
پولیس نے لاٹھیوں سے پیٹ کر نوجوانوں کا نشہ ہرن کرنے کے علاوہ ان پر پولیس آفیسر پر حملہ کرنے اور سرکاری افسر کو اپنی ذمہ داری ادا کرنے سے روکنے کا کیس درج کرکے انہیں حراست میں لیا۔ ان ملزمین کے تعلق سے مزید تفتیش و تحقیق جاری ہے۔